وزیر اعظم نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دیکر کسی اور کو موقع دیں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہو یا کوئی بھی معاملہ ہوا ایسے کسی اجلاس میں پیپلز پارٹی شریک نہیں ہوگی جس میں شیخ رشید موجود ہوں گے۔
کراچی بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 'قومی سلامتی کے امور پر آئندہ کسی میٹنگ میں شیخ رشید ہوئے تو میں نہیں جاؤں گا۔'
بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس یا کوئی بھی ان کیمرہ اجلاس ہو تو اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جاتیں لیکن کچھ غیر ذمہ دار لوگ جن کا تعلق نہ قومی سلامتی سے، نہ گلگت بلتستان سے نہ آزاد کشمیر سے نہ ہی خارجہ پالیسی سے تھا، انھوں نے مجبور کیا ہے کہ میں اس حوالے سے بات کروں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 'جنھوں نے عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقات میں ایک لفظ نہیں کہا وہ آج کل ہر ٹی وی چینل پر آکر بات کر رہے ہیں۔'
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر جو اجلاس بلایا گیا اس کے حوالے سے میڈیا پر ایسی باتیں کرنے سے معاملہ متنازع ہوتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان ہر معاملے پر ناکام رہے ہیں، قومی مسائل پر اپوزیشن کو انگیج کرنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے، اہم ایشوز پر وزیر اعظم نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دیکر کسی اور کو موقع دیں، اس بار بھی وزیراعظم شریک نہیں ہوئے، ان کے بغیرمیٹنگ نہیں ہونی چاہیے تھی، وزیراعظم کی موجودگی ضروری تھی یہ ہمارا حتمی موقف ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'آرمی چیف کی طرف سے کسی خاص ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، گلگت بلتستان کی میٹنگ میں زیادہ بات صاف شفاف الیکشن پر ہوئی، ماضی میں جو اعتراضات رہے ہیں، وہ دور کیے جائیں گے۔'
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔
Comments
Post a Comment